امریکی کانگریس وومن ایویٹ ڈی کلارک کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، امریکا میں بسنے والی پاکستانی برادری دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
امریکا میں ن لیگ یوتھ ونگ کے صدر اور پاک امریکن تھنک ٹینک کے سربراہ راجہ رزاق نے نیویارک میں ایک کمیونٹی اجتماع کے دوران کانگریس وومن ایویٹ ڈی کلارک سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی کانگریس وومن نے کہا کہ خود ارادیت اور خود مختاری کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ایویٹ ڈی کلارک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے اثرات بھی شامل ہیں جو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہوئے تھے۔ امریکہ خطے میں استحکام کو برقرار رکھنے اور لانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
کانگریس خاتون نے بتایا کہ وہ مستقبل میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو ان کے مذہبی تہوار عیدالاضحیٰ کے موقع پر خوشی اور امن کی دعا بھی کی۔
Comments are closed.