صدر ڈاکٹر عارف سے آسٹریلیا کے لئے نئے پاکستانی ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے ملاقات کی، صدر مملکت نے ہدایت کی کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام سہولتیں اور ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آسٹریلیا کیلئے پاکستان کے نئے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں ملاقات کی، صدرمملکت نے زاہد حفیظ چوہدری کو ان کی نئی تقرری پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون مزید مضبوط اور متنوع بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں آسٹریلیا کے ساتھ تعاون مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے،انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں، آسٹریلیا کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، تجارت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں دوطرفہ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان نے کاروبار دوست پالیسیاں اپنائیں، اپنی توجہ جغرافیائی سیاست سے جیواکنامکس پر منتقل کی۔
صدرمملکت نے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری سے گفتگو کے دوران کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستانی طلباء کی قابل ذکر تعداد موجود ہے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ زاہد حفیظ چوہدری آسٹریلیا میں پاکستانی شہریوں کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے اور تارکین وطن ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
Comments are closed.