تحریک انصاف کو مذاکرات جاری رکھنا چاہیے، سزا یافتہ فرد پر سیاست نہ ہو: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ انصاف کا بول بالا ہوا اور بانی پی ٹی آئی اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا میگا کرپشن اسکینڈل ہے، جسے اوپن اینڈ شٹ کیس کے طور پر نمٹایا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اس کیس کو سیاسی بنیادوں اور میڈیا پر لڑنے کی کوشش کی گئی، لیکن انصاف نے اپنا راستہ اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیس میں انکشاف ہوا کہ پانچ پانچ کیرٹ کی انگوٹھیاں خریدی گئیں، زمان پارک میں 25 کروڑ روپے کا گھر بنایا گیا، اور ذاتی فائدے کے لیے قوم کے 80 ارب روپے کا نقصان کیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ یہ معاملہ جائیداد کی قرقی کی طرف بڑھ رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تحریک انصاف کو مذاکرات کا عمل جاری رکھنا چاہیے اور یہ تاثر نہیں دینا چاہیے کہ ایک فرد واحد کو سزا ملنے سے مذاکرات روک دیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کا مقصد کبھی بھی ڈیل یا این آر او دینا نہیں تھا، بلکہ قومی مفاد میں معاملات کو حل کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی حالات اب بہتری کی طرف گامزن ہیں اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔

Comments are closed.