تارکین وطن کیلئے”کال سرزمین” اور اوورسیز پورٹل کا افتتاح

اسلام آباد: وزارت سمندر پارپاکستانیز کے ویب پورٹل اورشکایات سیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی زُلفی بخاری کا کہنا ہے کہ وزراتِ سمندر پارپاکستانی کے سابق وزراء کی کرپشن پر وائٹ پیپرجاری کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی زُلفی بخاری نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے”کال سرزمین” اور اوورسیز پورٹل کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر مواصلات مراد سعید نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ وزارت کا ایک ایسا ڈیٹا بیس بنائیں گے جس کا رکارڈ محفوظ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دفتر سے تمام فائلوں کی ٹریکنگ بھی کر سکیں گے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ کال سرزمین ایک شکایات سیل ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات اس پورٹل سے وزیراعظم کے شکایات سیل میں جائیں گی۔
زلفی بخاری نے کہا کہ ان کی وزارت نے ویب سائٹ، ای فائلنگ اور شکایات سیل کے تین ابتدائی کام مکمل کر لئے ہیں، وزارت کے ملازمین کو ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

Comments are closed.