مسلح افواج اور عوام دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد و پر عزم ہیں۔ شہباز شریف
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کثیر الجہتی شراکت موجود ہے
اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کو عالمی امن و استحکام کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد اور پر عزم ہیں،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کثیر الجہتی شراکت موجود ہے،شاہ چارلس سوم کی شخصیت عوامی خدمت کی علامت ہے،20 لاکھ پاکستانی شہری برطانیہ میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں،برطانیہ کے تعاون سے تعلیم ،صحت اور ہنر مندی کے تاریخی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وفاقی وزراء اور غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ شاہ چارلس سوم عوامی خدمت اور عالمی شعور کی علامت ہیں،ان کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے،عالمی معاملات کے لیے بھرپور لگن اور غیر متزلزل عزم کے باعث شاہ چارلس نے برطانیہ ،دولت مشترکہ کے ممالک اور دنیا میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد اور ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں پر دلی تعزیت کا اظہار کرنے پر برطانیہ کی حکومت اور برطانوی ہائی کمشنر کے مشکور ہیں۔دہشت گردی عالمی امن اور استحکام کے لیے بڑا خطرہ ہے،پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور عوام ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد اورپرعزم ہیں –
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں ان کی وزارت اعلیٰ کے دور میں برطانیہ کے تعاون سے تعلیم،بنیادی صحت اور ہنر مندی کے تاریخی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ شاہ چارلس نے 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا اسی طرح ملکہ الزبتھ دوئم نے بھی پاکستان کے دورے پہ آئیں۔وزیر اعظم نے شاہ چارلس اور ملکہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ۔وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور اور پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر برطانیہ کی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہزاروں مسافر پاکستان سے مانچسٹر کا سفر کرتے ہیں جلد وہ لندن کا سفر بھی کر سکیں گے وہ پروازوں کی بحالی میں آپ کے کردار کو یاد رکھیں گے۔
قبل ازیں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔برطانیہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں شرکت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مشکور ہیں،برطانیہ اور پاکستان کے گہرے دو طرفہ تعلقات ہیں، برطانیہ میں 15 پاکستانی نژاد ارکان پارلیمنٹ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے 45 لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم اور 15 لاکھ افراد کو ماحولیاتی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت دی۔شاہ چارلس کی ماحولیاتی کاوشیں دونوں ممالک کو مزید قریب لائیں گی۔بعدازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کی ہائی کمشنر کے ساتھ شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
Comments are closed.