راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید 14 سزا یافتہ دہشت گردوں کو پھانسی دینے کی منظوری دیدی ہے۔ ان دہشتگردوں کی کارروائیوں سے 13 اہلکار اور 3 شہری شہید ہوئے تھے۔ ان دہشت گردوں کے بیس دیگر ساتھیوں کو قید کی سزائیں بھی دی گئی ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے جن مزید 14 دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کی توثیق کی ہے ان کے مقدمات کا تمام قانونی عمل مکمل ہوچکا ہے۔ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے ان دہشت گردوں نے مختلف کارروائیوں میں 16 افراد کو شہید اور 19 کو زخمی کیا تھا۔ شہید ہونے والوں میں فورسز کے 13 اہلکار شامل ہیں۔
سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں محی الدین،گل زمین ، فضل ھادی، محمد وھاب، گل محمد، بشیر احمد شامل ہیں۔ دیگر دہشت گردوں میں آفرین خان، برکت علی ، محمد اسلم ، روح الامین ، شتا مند ولد بیش مند ، باچا وزیر ، محمد ولد عبدالشکور اور محمد اسماعیل شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشتگردوں کے دیگر 20 ساتھیوں کو قید کی مختلف سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سزا یافتہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔
Comments are closed.