اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سمری کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت توانائی نے تجویز دی تھی کہ بجلی کے نرخوں میں کم سے کم دو جبکہ زیادہ سے زیادہ چارروپے اضافہ کیا جائے۔
کمیٹی نے آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا، آئندہ ہفتے ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں بجلی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
کمیٹی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور پاور ڈویژن کو آئندہ 3 سے 5 سال کے لیے پالیسی بنانے کی ہدایت کی جس سے بِلوں کی وصولی زیادہ سے زیادہ یقینی ہو۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ پالیسی میں لائن لاسز کم سے کم کرنے کا لائحہ عمل بھی بنایا جائے۔ کمیٹی نے گردشی قرضوں کی وصولی صارفین سے نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور حکومت اپنے وسائل سے قرضہ پورا کرے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمت میں 10 سے 143 فیصد تک اضافے کی منظوری دی تھی۔
Comments are closed.