بھارتی حکومت دنیا بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے:وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانی دی اور ملکی معیشت کو اربوں ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

عطا تارڑ نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی۔
انہوں نے بھارت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت دنیا بھر میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلگام کا واقعہ لائن آف کنٹرول سے 150 کلومیٹر دور پیش آیا، اور واقعے کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج اس سازش کا ثبوت ہے جو پہلے سے تیار کی گئی تھی۔ پاکستان نے اس واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو یرغمال بنایا، اور اس واقعہ کی مذمت بھارت سمیت دنیا بھر میں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔
عطا تارڑ نے نشاندہی کی کہ دنیا بھر میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں بھی بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت دہشت گردی کو اسپانسر کرتا ہے۔ لندن میں پاکستانی سفارت خانے پر حملہ بھارتی حکومت کی انتہا پسند سوچ کا عکاس ہے۔
عطا تارڑ نے خبردار کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، اور پاکستان اپنی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے

Comments are closed.