اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اے پی ایس حملے پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔ عدالت نے آرمی پبلک اسکول پشاور حملہ کیس کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کردیا ہے جو چھ ہفتوں میں اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گا جب کہ کمیشن ہائیکورٹ کے سینیئر جج کی سربراہی میں کام کرے گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا کہ سانحے کی تحقیقات کے علاوہ لواحقین کے خدشات اور ان کی داد رسی بھی کی جائے۔
کمرہ عدالت میں موجودہ شہید بچوں کی ماؤں سے مکالمے کے دوران چیف جسٹس نے کہا اپنی بہنوں سے معافی چاہتا ہوں، زبانی حکم تو پہلے دیا تھا لیکن فائل پر آرڈر نہیں کرسکا، پشاور سماعت کے موقع پر بینچ ٹوٹ جانے سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی۔چیف جسٹس نے کہا ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور انصاف کے تقاضے پوری کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے 150 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جن میں زیادہ تعداد معصوم بچوں کی تھی۔
Comments are closed.