فضل الرحمان کی نواز شریف سے ملاقات، اے پی سی میں شرکت دعوت

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ہے اور نواز شریف کو حزب اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

تین بڑے سیاستدانوں آصف علی زرداری، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں موجودگی کے دوران حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ میاں نواز شریف سے جاتی امرا میں مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور آصف زرداری سے ملاقات پر قائل کرنے کی بھی کوشش کی۔ ملاقات میں شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی مشاورت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اے پی سی کے انعقاد اور مولانا فضل الرحمان کی کوششوں سے اصولی اتفاق کیا تاہم اجلاس کا ایجنڈا واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نوازشریف اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے چند روز میں حتمی فیصلہ کریں گے جبکہ ان کے شرکت نہ کرنے کی صورت میں مسلم لیگ ن اپنا اعلی سطح کا وفد بھی بھیج سکتی ہے۔ اس حوالے سے دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گی۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد فضل الرحمان کی زیر سربراہی جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں حکومت کے خلاف نئی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 6 نومبر کو ہوسکتی ہے، ہمیں قوی امید ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان اے پی سی میں اتحاد ہوجائے گا۔

Comments are closed.