سیکورٹی کی یقین دہانی پر جلال آباد قونصل خانہ پیرسے کھول دیا جائے گا، پاکستان

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کل سے دوبارہ کام شروع کردے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کی جانب سے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد قونصل خانہ کھولا جارہا ہے جہاں پیر سے ویزا آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق جلال آباد اور اس کے اطراف رہنے والے کل سے ویزے کے لیے قونصل خانہ میں درخواست دے سکتے ہیں۔ جلال آباد کا قونصل خانہ 30 اگست 2018 کو بند کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ  حکومت پاکستان نے گورنر ننگرہار کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولنے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا قونصل خانہ بند کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکمل سیکیورٹی ملنے تک سفارت خانہ نہیں کھولا جائے گا۔

31 اگست کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی قونصل خانہ بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبہ ننگر ہار کے گورنر کی پاکستانی قونصل خانہ کے امور میں مداخلت قابل افسوس ہے۔

Comments are closed.