اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اوراپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈرکے چیمبرمیں شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں سعد رفیق، ایاز صادق، خواجہ آصف، حمزہ شہباز، راجا ظفرالحق اورمریم اورنگزیب سمیت دیگررہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوازشریف اور شہبازشریف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 31 اکتوبرکو بلائی گئی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے تاہم نوازشریف نے اے پی سی میں شرکت کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں راجہ ظفرالحق کی قیادت میں ایازصادق، احسن اقبال، سعد رفیق اورخواجہ آصف شامل ہیں۔
اس سے قبل نوازشریف پارٹی کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ نوازشریف کا پارلیمنٹ ہاؤس میں شہبازشریف نے استقبال کیا اورگلے لگایا۔ نوازشریف کی آمد پرپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر(ن) لیگ کے ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی جانب سے ’شیرآیا شیرآیا‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔
Comments are closed.