اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی جائیدادوں اور ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ کی تفصیلات طلب کر لیں۔
پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالتی استفسار پرچیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ایف بی آر نے کمیٹی بناکر20 لوگوں کا جائزہ لیا، چار لوگوں نے دبئی میں جائیداد تسلیم کی ہے، دو افراد عدالتی حکم کے بعد ایف بی آر میں پیش نہیں ہوئے جب کہ 14 لوگوں نے متضاد جواب دیئے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ وقار احمد کی 14 جائیدادیں دبئی میں ہیں لیکن انہوں ٹیکس 6 لاکھ روپے دیا، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے سے قبل جائیداد کو تسلیم کرنا پڑتا ہے، کیا علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد ہے؟جس پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ علیمہ خان کی دبئی میں 6 پراپرٹیز ہیں۔ ایمنسٹی اسکیم کے تحت فائدہ لینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جاتے ہیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ جن جائیدادوں کی تفصیل مانگی وہ نہیں ملی، صیغہ راز کس چیز کا ؟ کیا یہ آپ کی جائیداد ہے، کیا علیمہ خان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا؟
ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے پاس تفصیلات طلب کرنے کا اختیار ہے، عدالت کو فوری معلومات فراہم کریں، علیمہ خان کی دبئی میں جائیدادیں اور ایمنسٹی سے فاءدہ اٹھانے سے متعلق تفصیلات سربمہر لفافے میں ڈال کر فراہم کریں۔ جب کہ سپریم کورٹ نے وقار احمد کو ہفتے کے روز عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed.