راولپنڈی: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں رنگا رنگ پاسنگ آئوٹ پریڈ ہوئی جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے انعامات تقسیم کئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایم اے کاکول میں ایک سو اڑتیسویں لانگ کورس،ستاون ویں انٹیگریٹیڈ کورس اور تیسویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
پاک فوج کے علاوہ سعودی عرب، نیپال، سری لنکا، فلسطین اور لیبیا کے کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کی۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور امتیازی پوزیشن لینے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔
اعزازی شمشیر بٹالین سینئر انڈر آفیسر غلام نبی، صدارتی تمغہ اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد بلال، چیئرمین کا طلائی تمغہ نیپال کے کیڈٹ بشیش تھنگدن جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف چھڑی ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کمپنی انڈر آفیسر محسن وسیم نے حاصل کیا۔
آرمی چیف میڈل کمپنی جونیئر انڈر آفیسر حمزہ نواز اور کمانڈنٹ چھڑی کمپنی انڈر آفیسر علی ظہیر نے حاصل کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاک فوج کے جوان مشکل اور دشوار چیلنجز میں بھی بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے مشہور ہیں ۔ قربانی دینے کیلئے غیرمتزلزل طور پر ہر وقت تیار جوانوں کی قیادت آپ کے لئے خوش نصیبی ہے۔
Comments are closed.