پاکستان کا بھارتی الزام تراشیوں کا منہ توڑ جواب

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نےکہا ہےکہ بھارتی حکومت اپنےداخلی مسائل میں پاکستان کا نام لے کر الیکشن میں فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے، ٹرمپ کے بیان پر جوابی ٹویٹس سے امریکہ کو آئینہ دکھایا ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ٹرمپ کے بیان پر ریکارڈ ٹھیک کرنے کیلئے ٹویٹ کیا، امریکا کے طالبان سے براہ راست مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا ایس ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کے حوالے سے افغانستان نے کوئی معلومات نہیں دیں ، پاکستانی ادارے اپنے طور پر تحقیقات کر رہے ہیں ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اجمل قصاب کے ڈومیسائل کا معاملہ میڈیا پر دیکھا ہے، بھارتی آرمی چیف کے بیان پر اتنا کہتے ہیں کہ سوچ کربولنے کی ضرورت ہے تاہم ایسا بھارت کی طرف سے نظرنہیں آرہا،بھارت نے پاکستان کو انڈین اوشین نیول سمپوزیم میں جان بوجھ کرشرکت کی دعوت نہیں دی تاہم پاکستان نے بھارت کو دہشت گردی سمیت تمام اہم معاملات پر مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے بیان کو مسترد کرتا ہے، بھارت اپنے داخلی مسائل میں پاکستان کا نام لیکر الیکشن میں فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے جب کہ کرتار پور پر اچھی خبر جلد سنائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی مذمت کرتے ہیں  جب کہ یمن ثالثی کا معاملہ انتہائی حساس ہے تاہم اس پر پیش رفت ہوئی ہے۔

دورہ ملائیشیا سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی دعوت پر دورہ کیا، دونوں ممالک کےدرمیان تعلقات کےفروغ اور باہمی تجارت پر بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق ہوا۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جارحیت پر او آئی سی کی مذمت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

Comments are closed.