نشے سے پاک پشاور ہمارا عزم و ذمہ داری ہے، والدین بھی بچوں کے معمولات پہ نگاہ رکھیں، وزیراعلیٰ

پشاور: وزیر اعلی صوبہ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ والدین کا فرض ہے کہ اپنے بچوں کے معمولات پہ نگاہ رکھیں۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ کے پی نے یہ بات منشیات کی لعنت سے نجات حاصل کرنے والے 1200 افراد کو ان کے عزیز و اقارب کے حوالے کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں کمشنر پشاور، ڈی سی پشاور اور پولیس افسران سمیت تاجر برادری کی نمائندہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تاجر برادری کی جانب سے 380 افراد کو ملازمتیں دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے کا بارڈر دور دور تک پھیلا ہوا ہے جس کی وجہ سے منشیات کی روک تھام میں مشکلات و دشواریاں پیش آتی ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ نشے سے پاک پشاور ہمارا عزم اور ذمہ داری ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ریاض محسود نے کہا کہ نشے سے پاک خصوصی مہم کے تحت بحال ہونے والے افراد ہمارے لئے قابل فخر ہیں، ان افراد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ہر ہفتے ان سے رابطہ کر کے ان کا حال پوچھنا مہم کا حصہ ہے۔

کمشنر ریاض محسود نے کہا کہ خصوصی مہم کا دوسرا فیز ستمبر میں شروع ہوگا جس کے تحت پہلے مرحلے میں تمام تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کے ڈوپ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ڈوپ ٹیسٹ کی ابتدا میں خود سے کروں گا۔

Comments are closed.