لاہور : پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چند ججز عمران خان کوریلیف دینا چاہتے ہیں۔
لاہور میں حکومتی اتحادیوں کے اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اقلیت کےفیصلے کو اکثریت کے فیصلے پر مسلط کرنا چاہتے ہیں، تین ججز پرمشتمل بینچ پراعتماد نہیں، اخلاقی طورپرچیف جسٹس اور دیگر دو ججز کو اس کیس سے الگ ہوجانا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان اداروں میں تقسیم چاہتے ہیں، دھاندلی کے دوبڑے مجرم دھندناتے پھررہے ہیں ان کیخلاف ازخودنوٹس نہیں لیا جارہا۔چند ججز عمران خان کوریلیف دینا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم کو ان تین ججزپرمشتمل بینچ پراعتماد نہیں، اس بینچ میں ایسا جج بھی ہے جس نے پہلے سماعت سے معذرت کی پھر واپس آ کر بیٹھ گیا، ہماری نظر میں سپریم کورٹ کا یہ تین بینچ دو صوبوں کے کیس میں واضح طور پر فریق کا کردار ادا کر رہا ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک رکھنے کیلئے ملک میں ایک انتخابات ہونا ضروری ہے، چیف جسٹس آف پاکستان ہمیں نصیحت کررہے ہیں کہ مل بیٹھ کر طے کریں، ہمیں تو مل بیٹھنے کی تلقین کر رہے ہیں اور خود اپنی کورٹ کو تقسیم کردیا۔ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ کسی قسم کے مزاکرات نہیں ہوں گے۔
Comments are closed.