آصف زرداری پر الزامات عمران خان کا نیا پینترا ہے، خواجہ آصف
پیپلزپارٹی نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت بڑی قربانی دی ہے، سیاسی رہنماؤں کو جھوٹے الزامات اور مقدمات میں قید نہیں کرنا چاہیے، سیاسی انتقام کا سخت مخالف ہوں،خواجہ آصف کی پریس کانفرنس
سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آصف زرداری پر الزامات عمران خان کا نیا پینترا ہے، عمران خان نے سیاست کا رخ تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے، عمران خان کے بیان سے پیپلزپارٹی لیڈرشپ کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت بڑی قربانی دی ہے، دہشتگردی کی جنگ میں بینظیر بھٹو شہید ہوئیں، اتنی بڑی قربانی کے باوجود پیپلز پارٹی نے سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔سیاسی رہنماؤں کو جھوٹے الزامات اور مقدمات میں قید نہیں کرنا چاہیے، سیاسی انتقام کا سخت مخالف ہوں، اگر خوانخواستہ کوئی بڑا سانحہ ہوا تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ایک دن میں کئی بار پینترا بدلتا ہے، استعفے منظور ہوگئے تو اب کہتے ہیں عدالت میں جا رہے ہیں، جب استعفے منظور ہونے شروع ہوئے تو کہا کہ اسمبلی میں واپس آنا چاہتے ہیں، عمران خان نے استعفے دیے اور اسمبلی کے خلاف بیانات دیئے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے کہتے رہے مجھے بین الاقوامی سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا، اب اس کے بیان کا رخ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی پر آگیا ہے، جس طرح سے سیاست کا رخ بدل رہا ہے اس سے بڑی بد دیانتی کوئی نہیں ہوسکتی۔
Comments are closed.