لاہور : پنجاب کے شہر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ایک خاتون سے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لاہور کے تھانہ گلبرگ میں درج ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون سنیچر کی رات 11 بج کر 55 منٹ پر نشتر سپورٹس کمپلکس کے گیٹ نمبر 1 سے فیروز پور روڈ کی طرف جانا چاہتی تھیں لیکن وہ راستہ بھول گئیں۔
خاتون کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق دو افراد انھیں راستہ بتانے کا جھانسہ دے کر اندھیرے میں لے گئے اور زیادتی کرنے کی کوشش کی جس پر انھوں نے شور مچا دیا۔ایف آئی آر کے مطابق خاتون کے شور مچانے پر ان کے بھائی اور والد نے آ کر انھیں بچایا اور ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔خاتون نے درج ایف آئی آر میں دو افراد کو نامزد کیا ہے جن میں سے ایک شخص کا مکمل ایڈریس بھی لکھوایا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آج کل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچز جاری ہیں اور سنیچر کے روز بھی وہاں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ ہوا۔
Comments are closed.