پاکستان میں خواتین کے خلاف جرائم بالخصوص جنسی زیادتی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے،فیروز والا میں چار ملزمان نے شوہر کے سامنے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس چوکی کالا شاہ کاکو کے قریب خدا کی بستی نامی علاقے میں خاوند کے ہمراہ گھر جانے والی خاتون کو 4 ملزموں نے گن پوائنٹ پر روکا اور شوہر کے سامنے خاتون کو اجتماعی طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، تھانہ فیروز والا پولیس نے انسانیت سوز واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ موٹروے کی وجہ سے تھانہ فیروزوالہ ایس ایچ او عامر محبوب نے ایف آئی آر درج کر کے سیل کردی اور معاملے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایس پی اور ڈی ایس پی کی جانب سے مدعی کوملزمان سے مک مکا پر مجبور کیا جا رہا ہے،
ڈی پی اوشیخوپورہ غازی صلاح الدین نے میڈیا کو بتایا کہ نمونے ڈی این اے کے لیے بھیج دئیے گئے ہیں، 3 مشکوک افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ادھرآئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے کر آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایسا ہی ایک واقعہ لاہور گوجرانوالہ موٹروے پر گوجر پورہ کے قریب پیش آیا، جس میں دو افراد نے ایک خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، خاتون کی حالت غیر ہونے پر مبینہ ڈاکو نقدی، بینک کارڈز اور جیولری لے کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس نے موٹروے واقعہ میں نامزد دو ملزمان گرفتار کر لئے ہیں جب کہ تیسرا اور مرکزی ملزم عابد علی تاحال مفرور ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، اسی سلسلے میں ملزم کی مختلف حلیے والی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ملزم کی گرفتاری میں مدد کرنے والے شہری کے لئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔
Comments are closed.