اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں ”احساس راشن پروگرام“شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ احساس راشن پروگرام کے اجراء کیلئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ذمہ داری دے دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک پنجاب کابینہ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی،شاہ محمود قریشی،فرخ حبیب، ڈاکٹر ثانیہ نشتر،ہاشم جواں بخت،زین قریشی اوردیگر حکام شریک ہوئے۔ فواد چودھری ،ڈاکٹر شہباز گل،اسد عمراوردیگرکی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے عوام کوریلیف دینے کیلئے فلاح عامہ کے منصوبوں کے دوبارہ اجراء کا فیصلہ کیا گیا۔ عمران خا ن نے پنجاب میں ”احساس راشن پروگرام“شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں۔ تین ماہ میں معیشت کی جو بربادی ہوئی ہے اسے ہرشہری پریشان ہے۔عمران خان نے ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہو وہ اقدام فوری اٹھایاجائے۔ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اورسینٹر ل بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کیا جائے۔ پنجاب میں احساس راشن پروگرام کے اجراء کیلئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ذمہ داری دے دی گئی۔ وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کوکم سے کم وقت میں شروع کریں گے۔ میں خود ان منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لئے موثر نظام تشکیل دیں گے۔
Comments are closed.