پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل قلع قمع کریں گے، صدر عارف علوی

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا ملک سے مکمل قلع قمع کریں گے، پاکستان کی حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے، پاکستانی قوم، سیکورٹی فورسز اور افواج نے دہشتگردی کا جیسے مقابلہ کیا دُنیا میں کہیں نہیں کیا گیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا۔ پولیس لائنز دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ، طبی عملے اور انتظامیہ سے تفصیلی بات بھی کی۔ صدر مملکت نے دھماکے میں بچ جانے والی واحد خاتون زخمی کی بھی عیادت کی۔ صدر مملکت نے دھماکے میں خاتون کے خاندان کے افراد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس لائنز دھماکہ ایک تکلیف دہ اور گھناؤنا واقعہ تھا، دہشتگردی کا ملک سے مکمل قلع قمع کریں گے، پاکستانی قوم، سیکورٹی فورسز اور افواج نے دہشتگردی کا جیسے مقابلہ کیا دُنیا میں کہیں نہیں کیا گیا۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے، امدادی سرگرمیوں میں خلل نہ ڈلے، اس لیے کُچھ وقت گزر جانے کے بعد زخمیوں کی عیادت آیا، دکھ کی اِس گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں، حکومت، انتظامیہ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی جانب سے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

عارف علی کا کہنا تھا کہ جن افراد نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھویا اُن کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا، حکومت کی جانب سے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امداد خوش آئند ہے۔

Comments are closed.