تنصیبات کی سلامتی پامال، توڑ پھوڑ کی کوشش برداشت نہیں کریں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ تنصیبات کی سلامتی کو پامال کرنے، توڑ پھوڑ کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
ٓآئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشتگردی کی جاری کوششوں بارے بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افسران سے خطاب میں نیشنل سکیورٹی کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کیلئے کوششوں کو جاری رکھیں گے، امن عمل کو خراب کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ تنصیبات کی سلامتی کو پامال کرنے، توڑ پھوڑ کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے، 9 مئی واقعہ کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، اکسانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے غلط فہمیاں پھیلانے کی کوششوں بارے بھی آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، عوام کے تعاون سے ایسی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

Comments are closed.