آرمی چیف کراچی پہنچ گئے،سیلابی صورتحال اور امدادی کاموں پر بریفنگ

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کراچی پہنچ گئے ،سندھ اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال اور امدادی کاموں پر بریفنگ،پاک فوج کے جنرل آفیسرز کی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کیلئے دینے کا اعلان، آرمی ائیرڈیفنس کمانڈ ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی فلڈ ریلیف سینٹر بھی قائم

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے کراچی پہنچ گئے۔ آرمی ائیرڈیفنس کمانڈ ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی فلڈ ریلیف سینٹر بھی قائم کر دیاگیا۔ریلیف آپریشن کیساتھ پاک فوج کے جوان متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے پاک فوج کی جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔ ترجمان پاک فوج نے بتایاکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی فلڈ ریلیف سینٹرز قائم کردیئے گئے ہیں، جہاں امدادی اشیاء اکھٹی کرکے متاثرین تک پہنچائی جارہی ہیں، پاک فوج کے جوان متاثرین کو محفوظ مقامات پر بھی منتقل کررہے ہیں۔ سندھ میں سانگھڑ، لاڑکانہ ، خیرپور ، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، میرپور خاص، سجاول اور دیگر علاقوں میں متاثرین کو شیلڑز اور راشن فراہم کیا جا رہاہے ، ٹنڈو الہ یار میں تین اضافی بیسز اور میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ نوشہرو فیروز ،دادو ،سانگھڑ اوربدین میں خیمہ بستیوں کے قیام کیساتھ تیار کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سبی، جعفر آباد، نصیر آباد اورخضدار میں تیز بارشوں سے مواصلات کے نظام کو نقصان پہنچا، متاثرہ علاقوں میں مریضوں کے علاج کیلئے پانچ میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ جھل مگسی اور نصیر آباد میں راشن کی تقسیم اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

Comments are closed.