راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر شاہ چار روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جہاں پہلے روز آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جنرل عاصم منیر نے چاق و چوبند دستے کا معائنہ کیا جس کے بعد پی ایل اے کے کمانڈر کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی سلامتی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے پی ایل اے کے دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ آرمی چیف نے تربیت کے اعلیٰ معیار اور فوجیوں کی طرف سے دکھائی گئی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، جنرل عاصم منیر دونوں افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین میں فوجی رہنماؤں سے مزید ملاقاتیں کریں گے، یہ ملاقاتیں آرمی چیف کے چین کے چار روزہ دورے کا حصہ ہیں۔
Comments are closed.