ضلع خیبر کےعلاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔دھماکے میں 2 ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔4 گاڑیوں پرمشتمل ایف سی اہل کاروں کا قافلہ سلوپ قلعہ سے علی مسجد قلعہ جا رہا تھا کہ علاقہ ملک دین خیل کےمقام پر بارودی سرنگ کا نشانہ بن گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے شہید دونوں اہلکاروں کا تعلق ایف سی خیبرپختونخوا سے تھا، شہید نائب صوبیدار حضرت گل شہید کا تعلق لوئر دیر کی تحصیل تمر گرہ سے ہے جبکہ شہید نائیک نذیر اللہ شہید کا تعلق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ سے ہے۔
نائب صوبیدار حضرت گل شہید نے سوگواروں میں بیوہ 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑے جبکہ سپاہی نذیر اللہ محسود شہید کے سوگواروں میں بیوہ ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں فوجی جوانوں کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور،فوجی و سول حکام اور عام شہریوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دونوں جوانوں کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ہیں جہاں دونوں فوجی جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔ نائب صوبیدار حضرت گل اور سپاہی نذیر اللہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔
Comments are closed.