ارشد شریف قتل پر جی ایچ کیو کا خط، وزیر اعظم کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان

گزشتہ روز کینیا میں صحافی ارشد شریف کے ساتھ اندوہناک واقعہ پیش آیا،یہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے،عوام ان کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں۔سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل کینیا کے صدر سے بات کی تھی،میں نے کینیا کے صدر سے گزارش کی تھی وہ تحقیقاتی رپورٹ فوری بھجوائیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر جی ایچ کیو نے انکوائری کے لیے حکومت پاکستان کو خط لکھا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔
جی ایچ کیو نے حکومت پاکستان کو لکھے گئے خط میں سینئر صحافی ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ کینیا پولیس کے ہاتھوں ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور الزامات لگانے والوں کے خلاف بھی آئین پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔
ادھر وزیرعظم شہبازشریف نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز کینیا میں صحافی ارشد شریف کے ساتھ اندوہناک واقعہ پیش آیا،یہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے،عوام ان کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل کینیا کے صدر سے بات کی تھی،میں نے کینیا کے صدر سے گزارش کی تھی وہ تحقیقاتی رپورٹ فوری بھجوائیں۔
کینیا کے صدر سے ارشد شریف کی میت کی روانگی کےلیے کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کینیا کے صدر نے یقین دلایا کہ وہ معاملے سے متعلق کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے۔
کینیا کے صدر نے ارشد شریف کی موت پر مجھ سے اظہار افسوس کیا،آج فیصلہ کیا کہ واقعے کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے شفاف تحقیقات کرائیں گے۔
اس سے پہلے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاتھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صحافی ارشد شریف کے معاملے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے
گزشتہ روز سینئر صحافی ارشد شریف کو کینیا میں فائرنگ کر کے جاں بحق کر دیا گیا تھا۔ ارشد شریف پر کینیا پولیس نے فائرنگ کی تھی۔ ارشد شریف کی میت منگل کی رات پاکستان پہنچے گی۔

Comments are closed.