الیکشن وقت پر،کوئی مذاکرات نہیں ہورہے،پرویزالہٰی جانیوالے ہیں، خواجہ آصف

سوشل میڈیا پرحکومت اورتحریک انصاف میں مذاکرات کی خبرجھوٹی،انتخابات وقت پر ہوں گے، الیکشن کمیشن نے قانونی فیصلہ دیا، تحریک انصاف میں جوڑ توڑ شروع،آئندہ دنوں میں عمران خان کی جوپوزیشن ہوگی،پرویزالہٰی ان کےساتھ نہیں ہوں گے، وزیر دفاع کی میڈیا سے گفتگو

سیالکوٹ : وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن نے قانونی فیصلہ سنایا۔عام الیکشن وقت پر ہوں گے۔پاکستان گرے لسٹ سے نکل چکاہے۔گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ پاک افواج کو جاتاہے۔پاکستان پر اب کوئی پابندی نہیں لگے گی۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عمران خان نے ویڈیو پیغام دیا۔عمران خان نے اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید کی ۔کوئی بھی حکومتی نمائندہ توشہ خانہ سے تحفہ نہیں لے سکتا۔سوشل میڈیاپر خبر پھیلائی گئی کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں۔قطعاً طور پر کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔مارچ اپریل میں الیکشن کے لیے بیک ڈور رابطے کی خبر پروپیگنڈا ہے۔شہبازشریف کو 6سے7ماہ میں جوتحفے ملے وہ وہاں محفوظ ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مارچ اپریل میں الیکشن کے لیے بیک ڈور رابطے کی خبر پروپیگنڈا ہے۔4 ماہ قبل وزیراعظم نے کمیٹی بنائی جس کی ذمہ داری مجھے دی گئی تھی۔کمیٹی نے کچھ سفارشات وزیراعظم کوبھیجی ہیں۔پنجاب اسمبلی کا سلسلہ زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں۔قانون اور آئین کے مطابق اگلے ماہ آرمی چیف کی تعنیاتی ہوگی۔جوحالات اب ہوں گے۔ان میں غلط بیانی کی گنجائش نہیں ہوگی۔آئندہ دنوں میں عمران خان کی جوپوزیشن ہوگی۔پرویزالہٰی ان کےساتھ نہیں ہوں گے۔آئندہ دنوں میں پی ٹی آئی میں جوڑ توڑ شروع ہوجائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن کوہدف بنانے کے لیے قانون سازی کرکے شقیں نکالی گئیں۔ڈیڑھ 2 ماہ میں سب کچھ واضح ہوجائے گا۔انتخابات وقت پراورآئین وقانون کے مطابق ہوں گے۔عمران خان چاہتے تھے ہمیں ہدف بنا کر رکھیں۔عمران خان کی نااہلی ابتدا ہے۔آنے والے دنوں میں دیکھ لیجئے گا۔افراد ریڈ لائن نہیں ہوسکتے۔قانونی ادارے ریڈ لائن ہیں۔

Comments are closed.