آڈیولیک تحقیقاتی کمیٹی کو ثاقب نثار کے بیٹےکیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کیخلاف خصوصی کمیٹی کو کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے نجم ثاقب کو سمن کئے گئے نوٹس کو  معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے انیس جون تک جواب طلب کرلیا۔

جسٹس بابر ستار نے درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔ جسٹس بابر ستار نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا یہ خصوصی کمیٹی ہے، وکیل لطیف کھوسہ نے نے بتایا کہ خصوصی کمیٹی کے لئے بھی وہی رولز ہوں گے جو عام کمیٹی کےلئے ہوتے ہیں۔

جسٹس بابرستار نے کہا کہ آپ کو متعلقہ وزارت کو پارٹی بنانا پڑے گا۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ کوئی متعلقہ وزارت اس معاملے میں ہے ہی نہیں پھر بھی ہم بنا دیں گے۔ ہم نے صرف یہ چیلنج کیا اسپیکر اور اسمبلی کو پرائیویٹ معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔ سپریم کورٹ میں جو معاملہ زیر التوا ہے ہم نے اس کو چیلنج نہیں کیا۔ آڈیو لیک دو پرائیویٹ لوگوں کے درمیان مبینہ طور کی گئی بات ہے۔ پارلیمنٹ کو دو پرائیویٹ لوگوں کے معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔

عدالت نے خصوصی کمیٹی کو کارروائی سے روک دیا۔نجم ثاقب نے اسپیکر اسمبلی کی جانب بنائی خصوصی  کمیٹی کی تشکیل چیلنج کر رکھی ہے۔

Comments are closed.