جنرل باجوہ کےخلاف متنازعہ ٹویٹ پر اعظم سواتی گرفتار،2 روزہ جسمانی ریمانڈ

ایف آئی اے نے رات گئے فارم ہائوس سے گرفتار کیا،سیشن عدالت پیش کرکے ریمانڈ لے لیا،مجھے گرفتارایف آئی اے نے کیا لیکن تشدد ایجنسیوں نے کیا:پیشی کے موقع پراعظم سواتی کی گفتگو،اعظم سواتی کا ٹویٹ بدنیتی پرمبنی،اداروں میں تقسیم کی گھنائونی سازش کی:مقدمے کا متن

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو متنازعہ ٹویٹ کرنے پر ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔اعظم سواتی کو سیشن عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے پمز سے میڈیکل کرانے کا حکم بھی دے دیا۔ پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے الزام لگایا کہ ان پر تشدد کیا گیا۔دوسری جانب مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے بد نیتی پر مبنی ٹویٹ کیا۔ٹویٹ اداروں میں تقسیم پیدا کی گھنائونی سازش ہے۔

اعظم سواتی کورات گئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ان کے اسلام آباد میں واقع فارم ہائوس سے حراست میں لیا۔ایف آئی اے ٹیم نے اعظم سواتی کو سینئر سول جج شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا اور 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔اعظم سواتی کے وکلا نے دلائل دیئے کہ صرف سیاسی بنیادوں پر اعظم سواتی کو گرفتار کیا گیا ہے۔اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا۔عدالت نے اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے فوری طور پمز اسپتال میں میڈیکل کرانے کا حکم دیدیا۔تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کا ریمانڈ شروع ہونے سے پہلے اور بعد میں میڈیکل کروایا جائے۔ایف آئی اے نے ٹویٹر اکائونٹ اور اس سے متعلقہ موبائل کی ریکوری کے لیے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم کے ٹویٹر اکاؤنٹ کا تکنیکی موازنہ کرنا ہے۔ملزم کو 15 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

دوسری جانب اعظم سواتی کیخلاف مقدمہ پیکا قانون کے تحت درج کیا گیا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے غلط مقاصد کی تکمیل کیلئے انتہائی تضحیک آمیز ٹویٹ کیا۔ریاستی اداروں کو براہ راست نشانہ بنایا۔پیشی کے مطابق پرمیڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے ایجنسیوں پرتشدد کا الزام بھی لگایا۔

Comments are closed.