بپر جوائے: ساحلی علاقوں سے انخلا مکمل، کراچی میں چھوٹے طیاروں کا آپریشن بند، شیری رحمان

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کل صوبہ سندھ کے مشرقی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا جس کے پیش نظر ساحلی علاقے سے لوگوں کے انخلا کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ سندھ کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 65 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ساحلی علاقوں سے منتقل کیے گئے افراد کو 36 کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔

وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ تمام ادارے لوگوں کی نقل مکانی کیلئے متحرک ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔کراچی میں بھی سمندری طوفان کے اثرات مرتب ہوں گے جس کے پیش نظر بند کراچی ایئرپورٹ سے چھوٹے طیاروں کا آپریشن بند کر دیا گیا ہے جبکہ کمرشل پروازوں کے بارے میں فیصلہ بدھ کی شام کیا جائے گا۔

شیری رحمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ساحل سمندر پر جانے سے اجتناب کریں اور ماہی گیر بھی سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

Comments are closed.