سابق وزیر اعظم آزادکشمیر اور صدر تحریک انصاف آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ حکومت آزادکشمیر تحریک آزادی کو اجاگر کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وزیر اعظم راجافاروق حیدر قومی سطح پر کشمیر پر اتفاق رائےپیدا کرنے کے بجائے سیاسی محاذ آرائی کا حصہ کا بن چکے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبات اور جذبات کااحترام کرتے ہیں، وہاں کے عوام حقوق ضرور دئیے جائیں لیکن اس اقدام سے مسئلہ کشمیراور تحریک آزادی پر کوئی آنچ نہیں آنی چاہیے ۔
پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ آزادکشمیر کےعوام نون لیگ کی نااہل اور بدعنوان حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور تبدیلی کے لیے بڑی تعداد میں تحریک انصاف میں شامل ہورہےہیں۔ وزیر اعظم فاروق حیدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے نہ صرف آزادکشمیر میں مایوسی اور بے چینی پیدا کی بلکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی کنفوژن پھیلا ئی ۔ وہ بتائیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی اور سیاسی حقوق کے مطالبات کو جائز قراردیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے قانونی پہلوؤں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی وعدوں کا پاس رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے مناسب انتظامی اور آئینی اقدمات اٹھائے۔
اجلاس کے شرکا نے نبی آخرالزمان ﷺ کے خلاف گستاخانہ خاکے بنانے والے دفتر کے باہر ہوئے حملے پر فرانسی صدر ایمانوئل میکرون کی طرف سے اسلام کو دہشت گرد مذہب کے روپ میں روشناس کرانے کی کوششوں پرشدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر کہا کہ مسلمان رسول اللہ ﷺ کی شان میں کوئی بھی گستاخی برداشت نہیں کرسکتے اور خبردار کرتے ہیں کہ ڈیڑھ ارب انسانوں کے جذبات مجروح کرنے سے گریز کیا جائے ۔گورننگ باڈی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے بروقت توہین آمیز خاکوں اور بیانات کے خلاف مہم کی قیادت کی۔
گورننگ باڈی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کررہاہے۔ آبادی کا تناسب بگاڑ رہاہے اور میڈیا کا گلا گھونٹ رہا ہے۔ گورننگ باڈی نے کشمیر ٹائمز جموں کی جبری بندش اور اس کے دفتر پر تالہ بندی کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو بھارت کے اس طرز عمل کا نوٹس لینا چاہیے۔ شرکا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے اور کشمیریوں کے حق خودارایت کے انعقاد کے لیے اقوام متحدہ بھارت کو مجبور کریں۔ تحریک انصاف آزادکشمیر نیشنل سیکیورٹی کے مشیر معید یوسف کی طرف سے کشمیریوں کو پرنسپل پارٹی کے طور پر مذاکرات میں شامل کرنے پر حکومت پاکستان کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
اجلاس میں سینئر نائب صدرچودھری ظفر انور،نائب صدر راجہ خورشید خان، نائب صدرچودھری اظہر صادق، جنرل سیکرٹری عبدلماجد خان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار مرتضے علی احمد،ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری مقبول احمد،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم بٹ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان, ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندر بیگ،سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔
Comments are closed.