بائیڈن کے بیان سے پاکستان امریکا تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا،بلاول بھٹو

امریکی صدر نےغلط فہمی کی بنیاد پر بیان دیا ہوگا، انہوں نے پاکستان کے خلاف بات عوام سے خطاب میں نہیں بلکہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں کی، ان کا پاکستان سے متعلق بیان غیر رسمی گفتگو کا حصہ تھا، امریکی سفیر کو ڈیمارش کیلئے طلب کیا ہے، ہمیں انہیں اپنے بیان کی وضاحت کا موقع دینا چاہیے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو

کراچی : وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئرپروگرام بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے، پاکستان کے نیو کلیئر اثاثوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق جوبائیڈن کے بیان پر تشویش ہوئی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق بیان پر وزیر اعظم سے بات ہوئی، امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کیا گیا ہے، فیصلہ کیا ہے کہ امریکی سفیر کو طلب کر کے ڈیمارش دیں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ پاکستان کےمؤقف پر ڈٹ کر قائم ہوں، آج ہماری خارجہ پالیسی کی سمت درست ہے، یوکرین روس معاملے پرپاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔بائیڈن کے بیان سے پاکستان امریکا تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا، امریکی صدر نےغلط فہمی کی بنیاد پر بیان دیا ہوگا، انہوں نے پاکستان کے خلاف بات عوام سے خطاب میں نہیں بلکہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں کی، ان کا پاکستان سے متعلق بیان غیر رسمی گفتگو کا حصہ تھا، امریکی سفیر کو ڈیمارش کیلئے طلب کیا ہے، ہمیں انہیں اپنے بیان کی وضاحت کا موقع دینا چاہیے۔

عمران خان کے دورہ کراچی سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ روز ایک شخص کراچی آئے تھے، وہ کہتا ہےکہ لانگ مارچ کے بعد سندھ کو آزادی دلوائے گا، سندھ کے لوگوں نے تو آمریت کا بھی سامنا کیا ہے، سندھ کے عوام نے اپنےحقوق کی جدوجہد میں کردار ادا کیا، آپ کے خلاف جدوجہد کراچی سے ہی شروع ہوئی تھی، ہمارے تاریخی لانگ مارچ کے بعد آپ کو خدا حافظ کیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کل ہونے والے ضمنی انتخابات بہت اہم ہیں، ایک نمائندہ جیت کر اگلے دن استعفیٰ دے گا اور پیپلز پارٹی امیدوار اگلے دن عوام کی خدمت کریں گے۔

Comments are closed.