پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے گلگت بلتستان الیکشن میں نتائج کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، ووٹ کا تحفظ کرنے والوں نے حکومت کا ساتھ دے کر اپوزیشن کو مات دی ۔ پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے لوگوں پر دباوَ ڈالا گیا اور انہیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی ۔
گلگت میں آر او آفس کے سامنے انتخابی نتائج کے خلاف پیپلز پارٹی کے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کو متنازع نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنااحتجاج جاری رکھیں گے ،ہم پر عوام کی طرف سے دباوَ ہے، سارے دروازے بند نہ کریں، حق نہ ملا تو ہمارا رخ اسلام آباد کی طرف ہو گا، ہمیں سخت پوزیشن لینے پر مجبور نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ حلقہ جی بی ٹو میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل احمد کے مقابلے میں تحریک انصاف کے امیدوار کو 2 ووٹوں سے کامیاب قرار دے دیا تھا جس پر پیپلزپارٹی کارکنان کے آر او دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔جمیل احمد نے 6694 جبکہ تحریک انصاف کے فتح اللہ خان نے 6696 ووٹ حاصل کیے ۔ اس سے قبل رات کو غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے جمیل احمد نے 6848 ووٹ حاصل کر کے میدان مارلیا تھا جبکہ پی ٹی آئی کے فتح اللہ خان 6229 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے ۔ جمیل احمد کی برتری 619 ووٹوں کی تھی ۔
واضح رہے کہ بلتستان کے انتخابات میں تحریک انصاف 10 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پیپلز پارٹی 3 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ 2نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، 7 نشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوئے۔
Comments are closed.