اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی سیاسی قوتوں کو جان بوجھ کر کمزور کرنے کی کوششیں ملکی سالمیت کو نقصان پہنچائیں گی۔
یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خصوصی پیغام کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے، انتہاپسندی و دہشت گردی کا نشانہ بن کر جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، آنے والی نسلوں کی یادوں میں ہمارے شہید ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے اپنی جانوں کی قربانیاں تو دے دیں لیکن ملک کے دفاع، سلامتی اور جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کیا،ذوالفقار علی بھٹو نے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی، جو اب پاکستان کے دشمنوں کے لیئے حوصلہ شکن فصیل ہے، بینظیر بھٹو نے بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی دے کر اپنے والد کے وژن کو پایہ تکمیل پر پہنچایا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومتوں کے دوران ہمیشہ پاکستان کے دفاع کو پہلے سے زیادہ طاقتور بنایا گیا، مضبوط جمہوریت کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ، متحد اور نظم و ضبط رکھنے والے دفاعی و سیکیورٹی ادارے ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن ہیں، وفاقی سیاسی قوتیں نظریہ پاکستان کی علمبردار ہیں۔ اُن قوتوں کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے یا کمزور کرنے کی کوششیں پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچائیں گی۔
Comments are closed.