پیپلزپارٹی جیتی توبطور وزیراعظم مخلوط حکومت بنائوں گا، بلاول بھٹو

دہشتگردی سے نمٹنے کا واحد راستہ جمہوریت ہے۔ہم وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر بائیڈن کے مزید روابط کی توقع رکھتےہیں، وزیرخارجہ کا انٹرویو

ڈیوس : وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم وہ مخلوط حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔

امریکی اخبار کو انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میری پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم مخلوط حکومت بنانےکی کوشش کروں گا۔دہشت گردی سے نمٹنے کا واحد راستہ جمہوریت ہے۔ہم وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر بائیڈن کے مزید روابط کی توقع رکھتےہیں۔ افغانستان ایک حقیقت ہے، ہمیں عبوری افغان حکومت سے پہلے سے زیادہ روابط بڑھانےکی ضرورت ہے، دہشتگرد گروپوں سے متعلق پاکستان اور امریکا کے مفادات یکساں ہیں۔دہشتگردی کے چیلنج پر فوجی اور سیاسی قیادت واضح مؤقف رکھتی ہے۔افسوس کہ عمران خان کی حکومت ٹی ٹی پی کی طرف نرم گوشہ رکھتی تھی، عمران خان نے نہ صرف ٹی ٹی پی والوں کو رہا کیا بلکہ ان سے مذاکرات بھی کیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بارے میں ہم واضح ہیں،کسی بھی دہشتگرد تنظیم سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔یقین ہے اگر عبوری افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں تو اپنی سکیورٹی ممکن بنا پائیں گے، پاکستان اور افغانستان اکیلے دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، پاکستان اور افغانستان کومل کر ایسا کرنا ہوگا، ہم دونوں دہشتگردی کا شکارہیں۔
بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن چاہتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کو غربت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔بھارتی گجرات میں فسادات سے متعلق سوال پر بلاول نے جواب دیا کہ ہمیں ماضی کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔ ترک خبر ایجنسی کو انٹرویو میں بلاول نے کہا کہ ہم افغانستان میں سرحد پار آپریشن میں دلچسپی نہیں رکھتے، ہم چاہتےہیں عبوری افغان حکومت اپنی حدود میں موجود دہشتگردوں کےخلاف خود کارروائی کرے، پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغانستان کی مدد کرنے کو تیار ہے۔پوری دنیا مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، افغانستان کی صورتحال اور حالیہ سیلاب پاکستان پراضافی معاشی بوجھ کا باعث ہیں۔

Comments are closed.