اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت اور وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ جتنے این آر او عمران خان نے دیے تاریخ میں کسی وزیراعظم نے نہیں دیے اور تازہ ترین این آر او کلبھوشن کو دیا گیا۔
قومی اسمبلی میں کلبھوشن یادیو کو سزا کے خلاف اپیل کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آئے تو کہا کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا، جتنے این آر او عمران خان نے دیے تاریخ میں کسی وزیر اعظم نے نہیں دیے، جہانگیر ترین، بی آر ٹی ، مالم جبہ ، بلین ٹری، چینی چوری پر این آراو دیا گیا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ،احسان اللہ احسان کو بھی این آر او دیا گیا، احسان اللہ احسان کی رہائی کا جواب آج تک ایوان میں نہیں دیا گیا، وزیراعظم نے دہشت گردوں کی کبھی مخالفت نہیں کی، جن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں کو شہید کیا ان پر بات تک نہیں کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو پائلٹ پاکستان پر حملہ کرنے آیا اس کو چائے پلا کر واپس چھوڑ دیا، تازہ ترین این آر او بھارتی جاسوس کلبھوشن کو دیا گیا، سینیٹ میں کلبھوشن کو ریلیف دینے کا معاملہ اٹھا تو آج آرڈیننس جاری کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیاجارہا ہے، نیب کا ادارہ غیر آئینی بن چکا ہے، ہمیں نئے احتساب ادارے کی طرف جانا ہوگا جو سب کا احتساب کرے گی، ایک نیا احتساب ادارہ بنائیں جو حکومت اور اپوزیشن دونوں کا احتساب کرے۔
Comments are closed.