لاہور : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات قانون کے مطابق فوجی عدالت میں چلیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور وفاقی افسران شریک ہوئے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں مشاورت کی گئی۔اجلاس میں نگران پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق گرفتاریوں اور کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی جبکہ وزیراعظم کو وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے دہشت گردی کی، عمران نیازی نے وہ کر دکھایا جو 75 سال میں دشمن نہ کرسکا تھا، 9 مئی کے واقعات ہمیں ہمیشہ ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والے بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، اکسانے، نعرے لگانے اور توڑ پھوڑ میں ملوث کوئی شخص نہیں بچے گا۔
Comments are closed.