چینی وزیرکا وزیرداخلہ اعجازشاہ کو ٹیلی فون،سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے کا عزم

 اسلام آباد: چین کے وزیربرائے عوامی تحفظ چائو خیچی نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی، سی پیک سیکیورٹی اور قانون کے نفاذ میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔

گوادر پرو کے مطابق چینی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چائو خیچی نے کہاکہ چین اور پاکستان قریبی دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کوویڈ نائنٹین کے بعد پاکستانی قیادت سے رابطوں کے دوران اہم شعبوں میں مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین چاہتا ہے کہ دونوں ممالک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت کو مزید فروغ دیں۔ کورونا وائرس کیخلاف اقدامات میں بھی دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی مدد کی جو پاک، چین بھائی چارے کی مثال ہے۔

اس موقع پر پاکستانی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں، چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی کورونا وباءکے خلاف کامیابی پاکستان کے لیے باعث مسرت ہے،پاکستان اس وبائی مرض پر قابو پانے کے لئے چین کے تعاون پر مشکورہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک، چین قیادت کے درمیان اتفاق رائے ہونے والے تمام امور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تیار ہیں۔ سیکیورٹی کے شعبے میں مزید تعاون کے ثمرات سے دونوں ملک مستفید ہوں گے، پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

Comments are closed.