تحریک انصاف حکومت میں پاکستان کو ڈوبتا دیکھ رہا ہوں، مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی حکومت میں پاکستان کو ڈوبتے دیکھ رہے ہیں ۔

سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے اور سی پیک سے متعلق منصوبوں پربات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کو بنک گارنٹی دینے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو متعدد خطوط لکھے ہیں لیکن ان کے جواب نہیں دیے جارہے، اس سے اندازہ لگا لیں کہ ان کی کراچی میں کتنی دلچسپی ہے،ہفتہ بھر پہلے بھی وزیراعظم کو کے سی آر سے متعلق خط لکھا ہے، میں اس لیے خط لکھتا رہتا ہوں کہ شاید کبھی تو اثر ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے الزام لگایا کہ ان کا نام چین جانے کی وجہ سے ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے اور وفاقی حکومت کو ان کے دورہ چین پر اعتراض تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ وفاق کے تعاون کے بغیر بننا ممکن نہیں ہے، ریلوے سے الگ ہماری لڑائی چل رہی ہے، ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں لیکن ہم قرض لیکر اس منصوبے کے لئے 15 فیصد پیسے دینے کے لئے تیار ہیں۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ جذباتی ہوگئے اور کہا کہ لوگوں کو سولی چڑھانا، مرنا مارنا بند کریں، اپنے ووٹروں کے لئے کام کریں جنہوں نے آپ کو ووٹ دیا، ملک کی معاشی حالت بہت خراب ہے، میں اس حکومت میں ملک کو ڈوبتے دیکھ رہا ہوں، اس حکومت کا اب صرف یہی کام رہ گیا کہ اس کو ماردو، اس کو پکڑ لو، وزیراعلی کی تقریر پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج اور خوب شور شرابہ کیا۔

Comments are closed.