افغانستان میں جاری کشیدگی میں پاکستان کاکوئی پسندیدہ فریق نہیں،آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے ملاقات کی ہے ۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان عراق کیساتھ دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے تیارہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور فرانس کے سفیروں نے بھی ملاقات کی۔سپہ سالار کہتے ہیں ،افغانستان میں جاری کشیدگی میں پاکستان کاکوئی پسندیدہ  فریق نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان عراق کیساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں ۔آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں عراقی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دفاع سمیت عراق کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیارہیں۔عراقی وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اورافغان امن عمل کی کوششوں کی تعریف کی اور باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

 دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور فرانس کے سفیروں نے بھی ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور ،علاقائی سیکیورٹی بالخصوص افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبا ٖلہ خیال کیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ افغانستان میں امن کامطلب پاکستان میں امن ہے، افغانستان میں جاری کشیدگی میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ فریق نہیں،افغانستان میں دیرپا ءامن و استحکام کے لیے مدد کے خواہاں ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان یورپی یونین ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتاہے ۔یورپی ممالک کے سفراء نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اورپاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.