پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوششوں کا پوری قوت سے جواب دیا جائیگا، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں دیرپا امن اور استحکام کی بھاری قیمت چکائی ہے، پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر کوشش کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 236 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی، جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کورکمانڈرز نے جیو اسٹریٹیجک صورتحال، علاقائی سیکورٹی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کا جائزہ لیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے تمام سول اور ملٹری شہداء کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

شرکاء نے اس موقع پر ملکی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح کیا کہ ہم سب نے امن و استحکام کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے، ملک کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Comments are closed.