پاکستان میں جمعرات کے پارلیمانی انتخابات سے پہلے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق پاکستانی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل طور پر آزادانہ اور منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنائیں اور جمہوری عمل کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔
جنیوا میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی ترجمان لِز تھروسل نے زور دیا کہ مکمل طور پر آزادانہ اور منصفانہ عمل کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بیان عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف پارٹی کی طرف سے ہراساں کیے جانے اور انہیں مسلم لیگ (ن) اور اس کے امیدوار نواز شریف کی طرح جلسے جلوس نہ کرنے کی شکایات کے درمیان سامنے آیا ہے۔ حکام نے ایسی شکایات کی تردید کی ہے۔
عمران خان کو چار مقدمات میں جرم ثابت ہونے کے بعد مجموعی طور پر 34 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ تاہم یہ سزائیں اگر ایک ساتھ شروع ہوئی تو قید کا دورانیہ کسی ایک سب سے زیادہ سزا کے برابر رہ جائے گا۔
عدالت نے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے بھی نااہل قرار دے دیا ہے۔ ان کی پارٹی اور حامیوں نے دعویٰ کیا ہےکہ یہ پاکستان کی طاقتور فوج کے خلاف ان کی بیان بازی کی سزا تھی جب کہ فوج کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کئی ارکان 9 مئی کو فوج کی تنصیبات پر حملے کرنے، توڑ پھوڑ کرنے اور انہیں نذر آتش کرنے سمیت لوگوں کو فوج کے خلاف اکسانے میں ملوث ہیں۔
Comments are closed.