متنازعہ ٹویٹس کیس:اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ

فیصلہ کل سنایا جائے گا،یہ معاملہ اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہرہے،سیشن جج کے پاس جانا چاہیے، پراسیکوٹر رضوان عباسی نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض کردیا

اسلام آباد : سپیشل جج سنٹرل نے متنازعہ ٹویٹس کیس میں سینیٹراعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جو کل سنایا جائے گا۔پراسیکیوٹررضوان عباسی نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے اور سیشن جج کے پاس جانا چاہیے۔

سپیشل جج سینٹرل راجہ آصف نے سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی۔۔۔۔ایف آئی اے پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی نے ٹویٹ کے ذریعے اداروں کے اندر بغاوت کی کوشش کی۔اعظم سواتی نے چند ملزمان کی بریت پر اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دیا۔اعظم سواتی نے دوران تفتیش ٹویٹ کا اعتراف بھی کیا۔

اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے ٹویٹ کرکے اپنے اظہار رائےکی آزادی کا آئینی حق استعمال کیا۔اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا۔تذلیل کی گئی۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد جج راجہ آصف نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Comments are closed.