الیکشن میں صرف محفوظ ماحول فراہم کیا، الزام تراشی قبول نہیں،کور کمانڈرز کانفرنس

  پاک فوج کی اعلی ٰ ترین قیادت نے عام انتخابات کے حوالے سے الزامات کویکسر مستر د کر دیا۔ فورم نے واضح کیاکہ الیکشن میں مسلح افواج نے مینڈیٹ کے مطابق عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا۔ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے اس سے زیادہ کوئی تعلق نہیں تھا۔  سانحہ نومئی کے ملزمان کو بھی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس  ہوئی۔  عام انتخابات کے حوالے سے پاک فوج پر الزامات کی سخت مذمت کی گئی۔سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم  کیاگیا۔  امن کے لیے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے واضح کیاکہ الیکشن 2024 میں مسلح افواج نے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا۔ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے اس سے زیادہ کوئی تعلق نہیں تھا۔  کچھ مخصوص سیاسی عناصر، سوشل میڈیا اور میڈیا پروگرامزمیں غیر مصدقہ الزامات لگا کر مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔   بے بنیاد سیاسی بیان بازی کی بجاے ثبوت کے ساتھ مناسب قانونی عمل کی پیروی کی جائے ۔ انتخابات کے بعد ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے نتیجے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔

فورم نے کہاکہ دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشتگردوں ،سہولت کاروں کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔9مئی کے منصوبہ سازوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو  انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ مذموم سیاسی مفادات   کے لیے  منظم مہم کے ذریعے حقائق پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔

فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم  اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ۔ شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی  کی۔ غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی بھی مذمت کی۔

Comments are closed.