پاکستان میں کورونا کے وار جاری۔۔مزید 33 اموات، 1315 نئے کیسز ریکارڈ

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا وائرس کے جان لیوا وار جاری ہیں، مہلک وباء مزید 33 پاکستانیوں کی زندگیاں نگل گئی، جب کہ مزید ایک ہزار 315 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کورونا وبا کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 39 ہزار86 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 315 افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی جب کہ اس خطرناک وائرس نے مزید 33 زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے باعث 12 ہزار837 اموات ہو چکی ہیں اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 44 ہزار 406 ہوگئی جبکہ کورونا کے کل کیسز کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار 797 ہوگئی۔

سندھ میں 2 لاکھ 57 ہزار 730 ، پنجاب ایک لاکھ 70 ہزار 817 کیسز، خیبرپختونخوا 72 ہزار 03 بلوچستان میں 19 ہزار 38 کیس، ‏اسلام آباد 44 ہزار 106 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 956 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 10 ہزار 147 ہوگئی۔

Comments are closed.