ڈیم فنڈ ریزنگ مہم، ٹورنٹوسے3 لاکھ 68 ہزارڈالرز کے عطیات جمع

ٹورنٹو: آئی ایم پاکستان موومنٹ کے دعوت پر سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ڈیمز تعمیر کے قومی مقصد کیلئے کینیڈا میں فنڈ ریزنگ میں مصروف عمل ہیں۔ سینیٹرز فیصل جاوید خان اور فردوس عاشق اعوان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ ٹورنٹو میں مجموعی طور پر3 لاکھ 68 ہزار 779 ڈالر کے عطیات جمع  ہو گئے۔

آئی ایم پاکستان موومنٹ کے زیر اہتمام دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے چندہ مہم جاری ہے، ٹورنٹو میں منعقدہ فنڈ ریزنگ کی تقریب میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار،سینیٹرفیصل جاویدخان، فردوس عاشق اعوان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب میں سینیٹر سلمیٰ عطاء اللہ جان سمیت جنوبی ایشیاء سے تعلق رکھنے والے کینیڈین اراکین پارلیمنٹ بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے آغاز پر نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشتگردانہ حملوں کی مذمت اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے مسئلہ اور ڈیمز تعمیر کے حوالے سے عوامی آگاہی کا سہرا سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے سر ہے۔ جس طرح بیرون ملک پاکستانیوں نے سابق چیف جسٹس اور عمران خان کا ساتھ دیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ بہت کم وقت میں ڈیم فنڈ دس ارب کو کراس کر چکا ہے۔ پاکستان میں ایک نہیں کئی ڈیم بننے ہیں۔ پاکستان میں پانی کے بحران پر بہت جلد قابو پا لیں گے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اوٹاوہ میں سکھوں نے کہا کہ وہ بے ریاست قوم ہے، خوش نصیب ہیں وہ قومیں جو جدوجہد سے ملک بناتی ہیں۔ پاکستان مفت میں نہیں بلکہ ایک جدوجہد کے نتیجے میں قیام عمل میں آیا، شاید ہم نے قربانیوں کا مان نہیں رکھا۔قائد اعظم نے اپنی بیماری کو پاکستان کے لئے راز رکھا۔

میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ترقی نہ ہونے کی وجوہات تعلیم کی کمی، ایماندار قیادت کی عدم موجودگی ہے، پاکستان ایک عمر خطاب ثانی کا منتظر ہے۔ قانون کی حکمرانی اور مساوات کسی ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ کرپشن کا نہ ہونا بھی کسی ملک میں ترقی کی راہ ہموار کرتا ہے۔ پاکستان میں بنیادی حقوق کی اہمیت نہیں بتائی گئی۔ ازخود نوٹس کے ذریعے لوگوں کو ان کے حقوق کی آگاہی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ1976 کے بعد پاکستان میں ڈیم بنانے پر توجہ نہیں دی گئی۔ وزیراعظم کو کہا کہ اس بات پر تحقیق کریں کہ ڈیم کیوں نہیں بنائے گئے۔ وزیراعظم نے تحقیقات کا وعدہ کیا، امید ہے وہ اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ لوگ اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی دے سکتے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی مدد کریں تو بیرونی امداد کے بغیر ڈیم تعمیر کر سکتے ہیں۔

ٹورنٹو میں فنڈ ریزنگ کے دوران مجموعی طور پر 3 لاکھ 68 ہزار 779 ڈالر کے عطیات جمع ہوئے، جماعت احمدیہ کی جانب سے ڈیم فنڈ میں 1 لاکھ ڈالر جبکہ ایک پاکستانی خاتون نے اپنی بیٹی کے زیورات ڈیم فنڈ میں عطیہ کیے۔وزیراعظم عمران خان کے دستخط شدہ 3 گیند 35 ہزار ڈالر میں فروخت کئے گئے۔

Comments are closed.