حکومت اور کسانوں کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک،دھرنا جاری
آج رانا ثنا اللہ کا رویہ ٹھیک نہیں لگا،انہوں نے کہا کہ ہم نے جو تیاری تحریک انصاف کے لئے کی ہے،وہ آپ پر نہ ہو جائے،ہم ڈرنے والے نہیں:چیئرمین کسان اتحاد کونسل خالد حسین باٹھ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کسانوں سے مذاکرات کےلئے جا پہنچے
اسلام آباد : حکومت اور کسان اتحاد میں مذاکرات ناکام۔وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے مزیید 2 دن کا وقت مانگ لیا۔کسان اتحاد نے بات چیت ختم کردی۔
چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ کا کہنا ہے کہ آج رانا ثنا اللہ کا رویہ ٹھیک نہیں لگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جو تیاری تحریک انصاف کے لئے کی ہے۔وہ آپ پر نہ ہو جائے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کسانوں سے مذاکرات کےلئے جا پہنچے۔مطالبات کے حق میں کسان اتحاد کا اسلام آباد کے فیصل ایونیو پر دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے۔کسان اتحاد کے رہنمائوں کو وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے بات چیت کےلئے بلایا لیکن بات نہ بن سکی۔کسان اتحاد نے مذاکرات ختم کردیئے۔واپس دھرنے میں آ کر کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ نے بتایا ہمارے لوگ ہفتہ اتوار چھٹی پر ہیں۔۔رانا ثناءاللہ نے کہا پیر منگل کو بات کریں گے۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وزیراعظم سے بات کی ہے۔اب ہم اپنے لوگوں سے مشورہ کریں گے پھر ریڈزون جانے کا فیصلہ کریں گے۔حکومت بھول جائے کہ ڈرا دھمکا کر ہمیں واپس کردیں گے۔رانا ثناءاللہ کو آخری وارننگ ہے۔اب ہم پورے پاکستان کے کسانوں سے رابطہ کریں گے۔ہم یہاں سے جانے والے نہیں۔
دوسری جانب ڈی سی اسلام آباد کسانوں سے مذاکرات کیلئے پہنچے اورکہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پولیس لاٹھی چارج کرے یا حالات خراب ہوں۔چاہتے ہیں امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔کوشش ہے مذکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔ادھر ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اورایف سی کی بھاری نفری خیابان چوک میں موجود ہے۔قیدیوں کی گاڑی اور ایمبو لینس بھی خیابان چوک پہنچا دی گئی۔ مظاہرین درختوں سے شاخیں توڑ کرلاٹھیاں بنارہے ہیں اور پتھر بھی اکٹھے کرلئے ہیں، ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ اگر مظاہرین نے پیش قدمی کی کوشش کی تو انہیں منتشر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ عورتوں اور بچوں سے گزارش ہے کہ اس طرف رخ نہ کریں۔ کاروبار زندگی میں خلل ڈالنے اور توڑپھوڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
Comments are closed.