غیر ملکی تحائف وزیراعظم ہاؤس میں رکھنے کا فیصلہ

تحائف عوام کو دکھائے جائیں تاکہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے عوام آگاہ ہوں، شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کو ملنے والے غیرملکی تحائف اب وزیراعظم ہاؤس میں مستقل طور پر رکھے جائیں گے۔

وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف اب عوام بھی دیکھ سکیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تحائف عوام کو دکھائے جائیں تاکہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے عوام آگاہ ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس میں بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف کیلئے جگہ مختص کر دی گئی ہے۔بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف وزیرِ اعظم نے سرکاری خزانے میں جمع کرا دیئے ہیں۔

توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے، وزیراعظم شہباز شریف کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے۔

اعلامیہ کے مطابق کہ ان تحائف میں ہیرے سے جڑی 2 قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں، جن میں سے 1 گھڑی کی مالیت 10 کروڑ روپے اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ خلیجی ریاستوں کی جانب سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے زیادہ مہنگی گھڑیاں دی گئی ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی قلم، انگوٹھی، کف لنک سمیت تمام تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دیے ہیں۔ شہباز شریف بطور وزیراعلیٰ پنجاب 10 سال کے دوران ملنے والے تمام تحائف بھی توشہ خانے میں جمع کراتے رہے ہیں۔

Comments are closed.