ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات

کمشنر کوئٹہ  حمزہ  شفقا ت نے کہاہے کہ  قلعہ عبداللہ میں ڈرگ مافیا کے خلاف تاریخ کا بڑا آ پریشن ہے۔ڈرگ مافیا میں غیر قانونی تارکینِ وطن گروہ ملوث ہے۔ میری ٹیم نے شدید حملے کے باوجود کام جاری رکھا یہ قابلِ تحسین ہے۔وزیر اعلی ٰ  بلوچستان کی واضح ہدایات ہیں کہ  منشیات اور اس دھندے میں ملوث عناصر کا قلع  قمع کیا جائے ۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قلعہ عبداللہ میں اپنی ٹیم کے ہمراہ مافیا کے خلاف آپریشن کے لیے پہنچے تھے ، جہاں قافلے پر حملہ کیا گیا ، چھ اہلکار شدید زخمی ہوئے ۔علاقے کے عوام اور تمام سیاسی جماعتوں نے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ تمام حملہ آور غیر قانونی تارکینِ وطن ہیں اور علاقے میں غیر قانونی پوست کی پیداوار ، اور ڈرگ سپلائی میں ملوث تھے۔ عوام علاقہ ان سے تنگ اور پریشان تھے ۔  ٹیم نے اس مشکل ٹارگٹ کے لیے جان ہتھیلی پر رکھ کر ایکشن لیاجس کی تمام  حلقوں نے تعریف کی ہے۔

حمزہ  شفقات نے بتایا کہ ڈرگ مافیا کے خلاف تاریخی اور فیصلہ کن آ پریشن کی تیاری کئی ہفتوں سے جاری تھی ۔ڈرگ مافیا کے آلہ کار اور غیر قانونی تارکینِ وطن کے سہولت کار عناصر اور کارندے اس بڑے آ پریشن سے توجہ ہٹانے کے لئے سوشل میڈیا پر کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ اور انکی ٹیم کے خلاف منفی پراپیگنڈا مہم چلا رہے تھے ۔سب ناکامیوں کے بعد کمشنر کوئٹہ کی ٹیم پہ فائرنگ اور حملہ آ خری حربہ تھا۔

Comments are closed.